2 نومبر 2014 - 22:06
کربلا کا اہم ترین پیغام، راہ دین اور قرآن کا تحفظ : صدر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ روز عاشورا کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام کا اہم ترین پیغام، انحراف کے مقابلے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بتائي ہوئي راہ دین اور قرآن کا تحفظ ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت جناب حسن روحانی نے آج ایوان صدر میں مجلس عزا میں کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  نے لوگوں کو اسلام اور راہ حق کی طرف ہدایت کی اور انحراف کے مقابلے میں انسان کو اسکی نجات کا راستہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے باوفا انصار نے دین خدا کو انحراف اور غلط عادات و اطوار سے بچانے کے لئے جو دوسروں نے رائج کر رکھی تھیں قربانی دی اور جانفشانی کی۔ صدر جناب حسن روحانی نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے ان لوگوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جو دین کے نام پر غیر دین کا پرچار کرتے تھے اور مسجد کے نام پر مسجد کو نہ جانے والی راہیں دکھاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے صراط مستقیم، اسلام اور قرآن کی راہ کا تحفظ کیا ہے۔ صدرجناب حسن روحانی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام حقائق بیان کرنے میں رسول اللہ صلی اللہ  علیہ وآلہ وسلم کے نواسے اور شاگرد ہیں۔ انہوں نے کہا اگر آج کوئي چيز، حقیقی اسلام و قرآن کے نام سے موجود ہے اور ہم بغیر کسی انحراف کے، اسلام و قرآن کی صراط مستقیم پر ہیں تو یہ امام حسین(ع) ،کربلا اور عاشورا کی برکت سے ہے۔

.......

/169